ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں و کشمیر:کشتواڑ میں دو فوجیوں کی شہادت پر پرینکا گاندھی کا بیان: ملک دہشت گردی کے خلاف متحد

جموں و کشمیر:کشتواڑ میں دو فوجیوں کی شہادت پر پرینکا گاندھی کا بیان: ملک دہشت گردی کے خلاف متحد

Sat, 14 Sep 2024 17:44:31    S.O. News Service

نئی دہلی، 14/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جموں و کشمیر کے کشتواڑ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ جھڑپوں میں ہمارے بہادر فوجیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومین کی روح کے سکون کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ دہشت گردی جیسے انسانیت سوز عملوں کے خلاف پورا ملک متحد ہے اور اس کی مذمت میں ایک آواز ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے بالائی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) سمیت دو فوجی اہلکار شہید جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے چھترو علاقے کے نیدگام علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی جس کے دوران انکاؤنٹر ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ چھترو پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں نیدگام کے بالائی علاقوں میں پنگنال دوگڈا جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز کی تلاشی پارٹیوں اور چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

حکام نے بتایا کہ تصادم میں فوج کے چار جوان زخمی ہوئے اور ان میں سے دو عہدیدار جے سی او نائب صوبیدار وپن کمار اور کانسٹیبل اروند سنگھ نے دوران علاج دم توڑ دیا۔

فوج نے کہا، ’’وائٹ نائٹ کور کے جی او سی (جنرل آفیسر کمانڈنگ) اور تمام رینک کے افسران بہادر جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘ اس سے پہلے فوج نے کہا تھا کہ فوجی ملی ٹینٹوں سے آمنے سامنے آئے اور تقریباً 3.30 بجے انکاؤنٹر شروع ہوا۔‘‘

یہ انکاؤنٹر ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ کے بالائی علاقوں میں جیش محمد تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کے دو دن بعد ہوا۔

کانگریس کی جموں و کشمیر یونٹ نے دو فوجیوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ کانگریس کی ریاستی کمیٹی کے نائب صدر رویندر شرما نے ایک بیان میں کہا، ’’کانگریس ملی ٹینٹ حملے کی سخت مذمت کرتی ہے۔ بی جے پی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ حکومت کو معمول کے ’کھوکھلے دعوے‘ کرنے کے بجائے ملی ٹینٹوں کے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔


Share: